ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / منگلورو: فاسٹ فوڈ آوٹ لیٹ سے منگائے گئے کھانے میں نکلا زندہ کیڑا۔ پولیس اسٹیشن میں درج ہوئی شکایت

منگلورو: فاسٹ فوڈ آوٹ لیٹ سے منگائے گئے کھانے میں نکلا زندہ کیڑا۔ پولیس اسٹیشن میں درج ہوئی شکایت

Sun, 31 Jan 2021 20:19:00    S.O. News Service

منگلورو،31؍ جنوری (ایس او نیوز) شہر کے ایک مال میں واقع "چِک کنگ"   نامی فاسٹ فوڈ کی دکان سے منگوائے گئے چکن اور برگر میں زندہ کیڑا  پائے جانے کا معاملہ سامنے آیا ہے جس کے بعد مینگلور کے  اُوروا    پولیس اسٹیشن  میں شکایت درج کروائی گئی ہے۔

شکایت کنندہ سلمیٰ سمرن کولا کا کہنا ہے کہ جب میں نے آرڈر دے کر پارسل منگوایا اور اپنی ماں اور بیٹی کے ساتھ کھانے کے لئے بیٹھی تو چکن آئٹم میں سے ایک زندہ کیڑا بر آمد ہوا۔ یہ دیکھ کر ہم سب حیران رہ گئے۔ کیونکہ ہم نے جو 6برگر آرڈر دئے تھے اس میں سے 4 کھا چکے تھے۔ ہم لوگوں نے دکان والوں سے رابطہ کرنے کی بہت کوشش کی مگر ناکام رہے۔انہوں نے کہا کہ  یہ لوگوں کی صحت کا معاملہ ہے۔ اس لئے متعلقہ افسران کو اس سلسلے میں کارروائی کرنی چاہیے۔"

اس معاملے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے چک کنگ کے منیجر کیشو داس نے بتایا کہ " ہم لوگ چکن کی ڈشس 163ڈگری حرارت پر تیار کرتے ہیں۔ اس میں زندہ کیڑا پائے جانے کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ کھانا پیکنگ کرتے وقت بھی ہر چیز کی صفائی کر لی جاتی ہے۔ انہوں نےکہا کہ آج تک ہمارے کھانے کے سلسلے میں اس قسم کی کوئی شکایت موصول نہیں ہوئی ہے۔ اس کے باوجود ہم اس گاہک کو تازہ کھانا فراہم کریں گےاور ان کی رقم بھی واپس کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم  گاہک کے ساتھ بات چیت  کرکے اس مسئلے کو حل کریں گے۔


Share: